| بلاگز | اگلا بلاگ >>

مش۔بش پٹاری کا سانپ

حسن مجتییٰ | 2007-09-23 ،13:19

آپ نے کبھی شہر کے چوک پر عطائیوں کو مجمعے لگا کر اپنے معجون اور نیم حکیمانہ نسخے بیچتے دیکھا ہوگا جو شروع میں ہی ایک ایسے ’خطرناک سانپ‘ کا ذکر کر کے لوگوں کے پیروں میں مقناطیس ڈال لیتے ہیں کہ وہ آخر میں اپنی پٹاری میں سے ایسے خطرناک سنگ چور سانپ کو نکاليں گے جو انہوں نے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔
20070125073307bush_mush.jpg

مجمع پتھر بن کر بغیر آنکھ جھپکے جیب کتروں سے بھی بیہوش نیم حکیم صاحب کی باتیں بغور سنتا رہتا ہے۔ کھیل ختم ہو جاتا ہے لیکن پٹاری سے سانپ نہ نکلنا ہوتا ہے نہ نکلتا ہے۔ یہی کچھ حال صدر بش اور مشرف کی پٹاری کا ہے جس میں اسامہ جیسا خطرناک سانپ ہے جو ان کے لیے سونے کی چڑیا بنی ہوئي ہے۔

ابھی دیکھیں نہ کہ وردی والی مشرف سرکار کا سورج غروب ہونے کو ہے لیکن اسامہ بن لادن کی حال ہی میں جاری ہونے والی وڈیو کیسٹ نے پاکستان میں فوجی آمریت کے مرتے ہوئے گھوڑے میں پھر سے جان ڈال دی ہے۔

یہاں نیویارک میں ایک بڑے امریکی اخبار سے وابستہ کئی صحافیوں کو تو لگتا ہے کہ کہیں بن لادن اور مشرف کی یہ ساری نورا کشتی تو نہیں! صحافیوں کے پاس سازشی تھیوری یہ ہے کہ کچھ روز قبل جنرل مشرف کا بیان آیا کہ اسامہ بن لادن اور اس کی تنظیم کا نیٹ ورک پاکستان میں موجود ہے اور اس کے کچھ روز بعد اسامہ بن لادن کا ’امریکیوں کو دین کی دعوت‘ والا بیان آیا تو صدر بش غیر ملکی دورے پر تھے جہاں انہوں نے کہا ’دیکھا! ہم کتنی خطرناک دنیا میں رہ رہے ہیں‘۔

اور اب مشرف کے دھاندلیوں سے بھرے صدارتی انتخاب پر اسامہ کی وڈیو مغرب میں ان کے چیف پولنگ ایجنٹ کا کام دکھائے گی۔

نہ جانے کب ہمارے بچارے ملک پاکستان سے سرکاری یا غیر سرکاری سعودی مداخلت ختم ہوگي، نہ جانے کب مش اور بش کی پٹاریوں سے ایسا خطرناک سنگچور سانپ کھیل ختم ہونے سے پہلے یا بعد میں برآمد ہوگا!

تبصرےتبصرہ کریں

  • 1. 14:14 2007-09-23 ,سید احمد :

    ہم تو بس اتنا جانتے ہیں کہ امریکہ کو جس ملک پر حملہ کرنا مقصود ہوتا ہے اس ملک میں اسامہ صاحب یا تو خود تشریف لے جاتے ہیں یا امریکہ اس کو بھیج دیتا ہے۔ پھر اس کی تلاش میں ساری زمیں ڈیزی کٹر بموں یا لیزر گائیڈ ڈ میزائلوں سے ہموار کر دی جاتی ہے۔ عراق اور ایران کی مثال دنیا کے سامنے ہے۔ لگتا ہے اب سر زمینِ فوجِ پاکستان میں امریکہ اسامہ کی تلاش شروع کرنے والا ہے۔ اور باقی جہاں تک الیکشن کا تعلق ہے اس کے واسطے مرحوم حبیب جالب پہلے کہہ گئے تھے
    نہ تیرا پاکستان ہے نہ میرا پاکستان ہے
    یہ اس کا پاکستان ہے جو صدرِ پاکستان ہے

  • 2. 14:23 2007-09-23 ,Mian Asif Mahmood,MD-U.S.A :

    آخر آتے کہاں سے ہيں مضاميں خيال ميں۔ امريکہ اپنے مداريوں کے ساتھ قيام پاکستان سے ہمارے ساتھ يہ سنگچور نکالنے والا کھيل، کھيل رہا ہے۔ صرف جمہورا بدلتا رہا ہے۔ عام مداری تو جيب کٹواتا يہ تو گردن کے پيچھے ہيں۔
    اسامہ کا ہوّا بھی آپ نے سہی تشخيص فرمائی۔ اسی نورا کشتی کے بہانے تو وہ دنيا ميں اپنے جمہورے قائم کرتا ہے۔

  • 3. 21:36 2007-09-23 ,صہیب اکرام :

    حسن صاحب، مجمعے کی تو نظر بندی کر دی گئی ہے، یہ آپ ایسی عمل انگیز قسم کی باتیں کر کے کس قسم کا تحرک پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ غالب نے تو اپنے پرزے اڑنے کی خبر اڑا کر تماشہ لگا لیا تھا، آج کل کے مجمع باز ذرا عقل مند ہو گئے ہیں۔ خیر، یہ تماشہ تو ابھی ختم ہونے والا نہیں، آپ ان مداریوں کو ان کے حال پر چھوڑیں اور آؤ اک سجدہ کریں عالم مدہوشی میں۔

  • 4. 21:37 2007-09-23 ,Victor Bhana :

    آداب عرض! محترم آپ اور مجھ اور ہمارے جيسے دوسرے لوگوں کو بھی پاکستان سے بہت پيار ہے اسی لیے ہم سب کی يہ بڑی خواہش ہے کہ ہمارے ديس ميں جمہوريت آئے اور جلد آئے ليکن اگر اسامہ کے ہاتھ يہاں پر مزيد مضبوط ہوئے تو پھر کبھی بھی ہمارا جمہوری خواب پورا نہ ہوگا۔ سنتے ہيں کہ اسامہ کی مقبوليت پاکستان ميں مشرف سے زيادہ ہے اور اسی لیے لوگ کہتے ہيں کہ وہ پاکستان ميں پناہ لیے بيٹھا ہے۔ سوال يہ ہے کہ اسامہ مقبول ہو کر وہاں ہے يا مشرف اور بش کی وجہ سے؟ اور اسی ميں جواب ہے ہماری بربادی کا فيصلہ آپ کے ہاتھ۔ رہی بات سياستدانوں وغيرہ کی تو بات يہ ہے کہ ايک تو ان کو اسامہ سے خطرہ ہے اور دوسرا انہيں اپنی قوم اور کرسی کی بھی حفاظت کرنا ہے۔ بتائیں وہ يہ نہ کريں تو کيا کريں؟ پٹاری کے سانپ کو واقعی مجمے نے خوشی اور کوشش سے کيوں چھپا رکھا ہے؟ جواب اس کے حواری ہی دے سکتے ہيں۔ کاش کہ ہمارا ديس ترقی کرے!

  • 5. 20:03 2007-09-25 ,محمد سلطان ظفر :

    پوری دُنیا میں انصاف کا بحران ہے۔ خواہ وہ امریکہ ہویا پاکستان، سعودی عرب، فلسطین یا اسرائیل۔ ہر ایک اپنے اپنے دائرے میں انصاف کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہمیں دُنیا ہر روز ابتر سے ابتر نظر آ رہی ہے۔

  • 6. 2:08 2007-09-26 ,bdtmz :

    اب تک تو بن لادن امریکہ کا سپاہی تھا۔ مشرف صاحب بھی اتنی طاقت رکھتے ہیں کہ بن لادن کو ساتھ ملا سکیں یہ علم میں نہیں تھا۔

91ȱ iD

91ȱ navigation

91ȱ © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔